راولپنڈی :راولپنڈی میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والی سدرہ بی بی کیس میں گرفتار رکشہ ڈرائیور خیال محمد کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا ہے۔ عدالت نے پولیس کو یکم اگست تک تفتیش مکمل کر کے ملزم کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
گورکن راشد محمود اور سیکرٹری قبرستان سیف الرحمان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عدالت نے دونوں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا۔
پولیس نے مقتولہ کی لاش منتقل کرنے والا سرخ لوڈر رکشہ ایک خفیہ پارکنگ سے برآمد کر کے مال خانے میں جمع کرا دیا، جو اب بحقِ سرکار ضبط ہو چکا ہے۔
عدالت نے سدرہ کی باقاعدہ قبر، نام کا کتبہ لگانے اور قبرستان رجسٹر میں اندراج کا حکم بھی دے دیا۔ کیس میں گرفتار تمام 7 ملزمان کو آئندہ سماعت میں یکم اگست کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔