اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ آج رات مغربی ہوائیں پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 31 دسمبر کو بالائی اور وسطی پاکستان میں بارش کا امکان ہے اور یہ موسمی سلسلہ 2 جنوری تک جاری رہ سکتا ہے۔ ناران، کاغان، سوات، دیر، کوہستان، مری اور گلیات میں برفباری کی توقع کی جا رہی ہے۔ سکردو اور ہنزہ میں بھی برفباری ہو سکتی ہے، جس سے رابطہ سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہے۔
اس دوران بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ این ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا کہا ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
دوسری طرف، بارشوں کے اثر سے وسطی اور جنوبی پنجاب میں دھند کی شدت کم ہو سکتی ہے، جس سے گاڑیوں کی روانی میں بہتری آ سکتی ہے۔