Wed, September 16, 2026

ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں، بارش اور برفباری کا امکان

ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں، بارش اور برفباری کا امکان

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ خاص طور پر بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے، اور یہاں پہاڑوں پر برفباری بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے کچھ علاقوں میں ژالہ باری ہو سکتی ہے، جب کہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ہے، جو سڑکوں کو متاثر کر سکتا ہے۔

اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں جیسے راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، خوشاب اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ دیگر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے۔

چترال، سوات، مالم جبہ اور کوہستان جیسے پہاڑی علاقے برفباری کی زد میں آئیں گے، جس سے راستوں پر پھسلن اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ جائے گا۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اسموگ کی شدت بڑھنے کی توقع ہے، جس سے فضائی آلودگی اور صحت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہا، تاہم مٹھی میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والوں کو برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے آگاہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ، اسموگ کی شدت سے بچنے کے لیے شہریوں کو احتیاط برتنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ٹیگز: