راولپنڈی : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں سیالکوٹ، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے، جبکہ بھرپور امداد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل کو جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اور آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کے خطرے کے پیش نظر کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فوجی جوانوں اور سول اداروں کے درمیان مثالی رابطہ کاری کی تعریف کی اور امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔
دورے کے دوران انہوں نے کرتارپور میں سکھ برادری سے بھی ملاقات کی اور یقین دلایا کہ نہ صرف کرتارپور بلکہ تمام مذہبی مقامات کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کا تحفظ اور ان کے مذہبی حقوق کی پاسداری ریاست کی ذمہ داری ہے، اور پاکستان اپنے تمام شہریوں کے ساتھ مساوی سلوک پر یقین رکھتا ہے۔ سکھ برادری نے فیلڈ مارشل کی آمد کا خیر مقدم کیا اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں براہ راست پہنچنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔