چین: بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے خودکش حملے پر پاکستان میں چین کے سفیر، جیانگ ژی ڈونگ نے شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں پاک چین سفارتی تعلقات کے 74 سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کا قریبی اور قابلِ اعتماد دوست ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات گزشتہ سات دہائیوں سے مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔
چینی سفیر نے کہا کہ قدرتی آفات سے لے کر ترقیاتی شعبوں تک چین نے ہمیشہ پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چین میں 10 ہزار پاکستانیوں کو زرعی شعبے میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ پاکستان میں زرعی پیداوار کو بہتر بنایا جا سکے۔
دوسری طرف، خضدار کے زیرو پوائنٹ کے قریب ایک افسوسناک واقعے میں اسکول بس پر خودکش حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں تین طالبات سمیت پانچ افراد جاں بحق اور 38 بچے زخمی ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حملہ آور نے خود کو اسکول بس کے قریب دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ زخمی بچوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر کے طبی امداد دی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی ادارے متحرک ہو گئے ہیں اور علاقے میں حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں، جبکہ حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق زیادہ تر بچے اسکول جانے کے لیے بس میں سوار تھے۔