Wed, September 16, 2026

واٹس ایپ کا بڑا فیصلہ: صارفین کیلئے انکرپٹڈ کلاؤڈ اسٹوریج متعارف

واٹس ایپ کا بڑا فیصلہ: صارفین کیلئے انکرپٹڈ کلاؤڈ اسٹوریج متعارف

کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے صارفین کے لیے چیٹ بیک اپ کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی کی تیاری شروع کر دی ہے اور ایک نیا کلاؤڈ اسٹوریج سسٹم متعارف کرانے پر کام جاری ہے۔ اس نئے فیچر کے تحت صارفین اپنی گفتگو اور دیگر ڈیٹا کو براہ راست کمپنی کے محفوظ کلاؤڈ میں اسٹور کر سکیں گے۔

فی الحال اینڈرائیڈ صارفین کے لیے Google Drive جبکہ آئی فون صارفین کے لیے iCloud چیٹ بیک اپ کے طور پر استعمال ہوتے ہیں، تاہم نئے فیچر کے بعد ایک اضافی اور متبادل آپشن بھی دستیاب ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ اپنے نئے کلاؤڈ بیک اپ سسٹم کو مکمل طور پر اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ساتھ تیار کر رہا ہے، جس کے باعث صارفین کا ڈیٹا انتہائی محفوظ رہے گا اور واٹس ایپ سمیت کوئی بھی فریق اس تک رسائی حاصل نہیں کر سکے گا۔

یہ فیچر اس وقت اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیٹا ورژن میں ٹیسٹنگ مرحلے سے گزر رہا ہے۔ ابتدائی تفصیلات کے مطابق صارفین کو دو بیک اپ آپشنز ملیں گے: گوگل ڈرائیو اور واٹس ایپ کا اپنا کلاؤڈ اسٹوریج۔ اس کے ساتھ کمپنی کی جانب سے 2 جی بی تک مفت اسٹوریج بھی فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔

واٹس ایپ پہلے ہی عام چیٹس کے لیے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن فراہم کرتا ہے، تاہم بیک اپ کے لیے صارفین کو یہ آپشن خود فعال کرنا پڑتا ہے۔ نئے نظام میں بیک اپ خودکار طور پر انکرپٹڈ اور محفوظ ہوگا۔

مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کمپنی ایک پریمیم اسٹوریج پلان پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت تقریباً 50 جی بی کلاؤڈ اسٹوریج ایک ڈالر ماہانہ میں فراہم کیا جا سکتا ہے۔ تاہم یہ فیچر ابھی آزمائشی مرحلے میں ہے اور اس کی حتمی لانچنگ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
 
 
 

ٹیگز: