کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے اپنے ویب ورژن کے صارفین کے لیے وہ فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کا عرصے سے انتظار تھا۔ اب ویب صارفین بھی آڈیو اور ویڈیو کالز کر سکیں گے۔
اس وقت صارفین موبائل ایپس اور ونڈوز و میک ڈیسک ٹاپ ایپس پر کالز کر سکتے ہیں، مگر ویب ورژن میں یہ سہولت موجود نہیں تھی۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق یہ فیچر فی الحال محدود بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ نئے فیچر میں صارفین اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ساتھ کالز کریں گے اور اسکرین شیئرنگ کی سہولت بھی حاصل ہوگی، جو ویب ورژن کے لیے ایک اہم اپ ڈیٹ ہے۔
ابتدائی طور پر یہ فیچر صرف ون آن ون کالز کے لیے فعال ہے، تاہم توقع ہے کہ جلد ہی اسے تمام صارفین کے لیے جاری کر دیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ویب ورژن میں بھی کالز موبائل کی طرح مکمل طور پر محفوظ ہوں گی اور کالنگ کے لیے سگنل پروٹوکول استعمال کیا جائے گا، جو 2016 سے واٹس ایپ کی سیکیورٹی کا حصہ ہے۔
یہ اپ ڈیٹ ویب ورژن کو ذاتی اور پروفیشنل رابطے کے لیے مزید مؤثر اور مکمل پلیٹ فارم بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔