اسلام آباد : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری سے روک دیا ہے اور ان کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 25 نومبر تک توسیع کر دی ہے۔
عدالت میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے عمران خان کے خلاف 9 مئی اور دیگر پانچ کیسز کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے شوکاز نوٹس کا جواب نہ ملنے پر عدالت نے عمران خان کی گرفتاری سے روکنے کا حکم دیا۔ اس کے علاوہ عدالت نے آئندہ سماعت پر عمران خان کو یا تو خود عدالت میں پیش ہونے یا ویڈیو لنک کے ذریعے حاضر ہونے کی ہدایت کی۔
عدالت نے بشریٰ بی بی اور عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری میں مزید توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 25 نومبر تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ عمران خان کے خلاف 9 مئی کے واقعات، اقدام قتل، جعلی رسیدیں جمع کرنے اور دیگر الزامات پر مقدمات درج ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی پر بھی جعلی رسیدیں جمع کرانے کا الزام عائد ہے۔