راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں اور انہیں 15 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ فیصلہ عدالت میں 26 نومبر کے ڈی چوک احتجاج کیس کی سماعت کے دوران آیا۔
علیمہ خان پر اس کیس میں آج فرد جرم عائد ہونے والی تھی، مگر وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں۔ عدالت نے ان کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ جج امجد علی شاہ نے کہا کہ بار بار طلب کرنے کے باوجود پیش نہ ہونا عدالتی امور میں رکاوٹ ڈالنا ہے۔
عدالت نے پولیس کو علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انہیں جیل میں بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، پولیس ٹیم اڈیالہ جیل جائے گی، جہاں علیمہ خان توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے لیے موجود ہوں گی، اور وہاں ان کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کی جائے گی۔