کراچی: کراچی میں منعقدہ پاکستان سپر لیگ کے کوالیفائر مرحلے میں پشاور زلمی نے زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔
ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 59 گیندوں پر 103 رنز کی دلکش سنچری اسکور کی۔ یہ ان کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی 13ویں اور پاکستان سپر لیگ کی چوتھی سنچری ہے۔ ان کے علاوہ محمد حارث نے 35، کوشال مینڈس نے 41 جبکہ ایرون ہارڈی نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی بولنگ میں شاداب خان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ رچرڈ گلیسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 222 رنز کے جواب میں صرف 151 رنز پر سمٹ گئی۔ سمیر منہاس نے 44 رنز کے ساتھ مزاحمت کی لیکن ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے 3، جبکہ سفیان مقیم اور محمد باسط نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس فتح کے ساتھ پشاور زلمی پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے اور یہ ان کی مجموعی طور پر پانچویں فائنل انٹری ہے، جس کے بعد وہ ٹورنامنٹ کی سب سے زیادہ مرتبہ فائنل کھیلنے والی ٹیم بن گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ ایونٹ سے مکمل طور پر باہر نہیں ہوئی اور اب بھی ان کے پاس ایک موقع باقی ہے۔ وہ جمعے کو حیدرآباد کنگز مین یا ملتان سلطانز کے خلاف ایلیمنیٹر 2 میں میدان میں اتریں گے۔