Wed, September 16, 2026

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خصوصی طلبہ کے لیے کھانے کی فراہمی کے پروگرام کا آغاز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خصوصی طلبہ کے لیے کھانے کی فراہمی کے پروگرام کا آغاز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی طلبہ کے لیے کھانے کی فراہمی کے پروگرام کا افتتاح کیا۔ لاہور میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خصوصی بچے ہمارے ہیروز ہیں اور اللہ نے ان کو شاندار صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ انہوں نے خصوصی بچوں کی اہمیت اور معاشرتی قدر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ان بچوں کے لیے بہترین ماحول اور سہولتیں فراہم کریں۔

وزیراعلیٰ نے سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم کی محنت کو سراہا اور کہا کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق ہر ضلع میں ’’سینٹر آف ایکسی لینس‘‘ قائم کر رہی ہیں، اور خوشی ہے کہ یہ منصوبہ اب مکمل ہو چکا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ثانیہ عاشق کی قیادت میں یہ کام بہت جلد اور کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ اس وقت پورے پنجاب میں 28 اضلاع میں ’’سینٹر آف ایکسی لینس‘‘ قائم ہو چکے ہیں، اور مجموعی طور پر 303 ادارے خصوصی بچوں کی تعلیم و فلاح کے لیے کام کر رہے ہیں، جن کی تعمیر نو کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ خصوصی بچوں کی ماؤں کا شکریہ نہ کہنا چاہیے کیونکہ یہ ان کا فرض نہیں، بلکہ یہ ان کا حق ہے کہ ان کے بچوں کے لیے حکومت کی طرف سے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کے والدین کے حوصلے اور محنت کو داد دیتی ہوں کیونکہ ان بچوں کی موجودگی سے گھروں میں رحمت اور برکت آتی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ریاست اپنے شہریوں کی تمام ضروریات کی فکر کرتی ہے، اور وزیراعلیٰ کا عہدہ عوام کی خدمت کے لیے ہوتا ہے، نہ کہ صرف تفریح کے لیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر کونے تک ’’سکول میل پروگرام‘‘ شروع کیا گیا ہے تاکہ ہر گھر تک پہنچا جا سکے اور خصوصی بچوں کو حکومت کے اداروں میں داخل کرایا جا سکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ خصوصی بچوں کے لیے 60 سی سی ٹی وی مانیٹر بسیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں بہترین ٹرانسپورٹ فراہم کی جا سکے اور ان کے والدین پر بوجھ کم کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ، حکومت 70 سے 75 ہزار خصوصی افراد کو ’’ہمت کارڈ‘‘ دے رہی ہے، اور ان بچوں کو بھی یہ کارڈ دیا جائے گا تاکہ ان کی زندگی میں آسانیاں آئیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس پروگرام کا آغاز گھنٹی بجا کر کیا اور خصوصی بچوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ اس پروگرام کا مقصد ان بچوں کو غذائی سہولت فراہم کرنا اور ان کی فلاح و بہبود کو مزید بہتر بنانا ہے۔

ٹیگز: