Wed, September 16, 2026

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا گرین ٹریکٹر پروگرام کا آغاز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا گرین ٹریکٹر پروگرام کا آغاز

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام کے تیسرے فیز کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے اور اس دوران قرعہ اندازی کا عمل بھی شروع کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ اس سکیم کے ذریعے پنجاب کے زرعی شعبے میں بڑی تبدیلی آ رہی ہے اور کسانوں کو جدید مشینری کی فراہمی سے ان کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پچھلے 25 برسوں میں 20 ہزار ٹریکٹر فراہم کیے گئے، لیکن صرف دو سال کے دوران پنجاب کے کسانوں کو 31 ہزار ٹریکٹر فراہم کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے کسانوں کو مبارکباد دی اور بعض کسانوں کو خود فون کر کے خوشخبری دی۔ مثال کے طور پر، بہاولپور کے کسان حمزہ لیاقت کو فون کر کے کہا، "آپ کا ٹریکٹر قرعہ اندازی میں نکل آیا ہے، مبارک ہو!"

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کسانوں کی بہتری کے لیے کام کیا ہے اور مستقبل میں بھی کسان دوست پالیسیوں کو جاری رکھا جائے گا۔

صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس سال کے تیسرے مرحلے کے لیے 5 ایکڑ اراضی کے 4 لاکھ 27 ہزار کسانوں نے درخواستیں جمع کرائیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں ٹریکٹر کی قیمتوں میں دوگنا اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے چھوٹے اور درمیانے کسانوں کے لیے ٹریکٹر خریدنا مشکل ہو گیا تھا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں زرعی مشینری کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 50 سے 65 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹر فراہم کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق، پنجاب میں 10 ہزار ایکڑ اراضی پر صرف 140 ٹریکٹر ہیں، جو دوسرے ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔ اس سکیم سے زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ کی توقع ہے۔

ٹیگز: