Wed, September 16, 2026

سوات میں بڑا سانحہ: دریائے سوات میں تیز پانی کا ریلا، ایک ہی خاندان کے 18 افراد بہہ گئے

سوات میں بڑا سانحہ: دریائے سوات میں تیز پانی کا ریلا، ایک ہی خاندان کے 18 افراد بہہ گئے

سوات: دریائے سوات میں اچانک پانی کے تیز بہاؤ سے سیالکوٹ سے آئے ہوئے سیاح خاندان کے 18 افراد پانی میں بہہ گئے۔ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب خاندان کے افراد دریا کنارے ناشتہ کر رہے تھے۔

ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ لوگ دریا کے کنارے پرسکون ماحول میں ناشتہ کر رہے تھے کہ اسی دوران بارش کی وجہ سے دریا میں اچانک تیز ریلا آیا، جس نے سب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ متاثرہ خاندان کو خطرے کا اندازہ نہیں تھا۔

ریسکیو ٹیم کو صبح تقریباً 8 بجے اطلاع ملی، جس کے بعد آپریشن شروع کیا گیا۔ اب تک 3 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے جبکہ 5 کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، اور باقی افراد کی تلاش جاری ہے۔

ایک سیاح نے روتے ہوئے بتایا کہ ان کے 10 خاندان کے افراد بہہ گئے، جن میں سے صرف ایک خاتون کی لاش ملی ہے، جبکہ 9 بچے ابھی تک لاپتہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے دریا کے کنارے تصاویر لے رہے تھے، پانی کم تھا، اچانک ریلا آیا اور سب کچھ بہا لے گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریسکیو ٹیمیں دیر سے پہنچیں اور سب کچھ ان کے سامنے ہوتا رہا، مگر وہ کچھ نہ کر سکے۔

ڈپٹی کمشنر سوات کا کہنا ہے کہ دریا کے قریب جانے پر دفعہ 144 نافذ ہے، مگر لوگ وارننگز کے باوجود احتیاط نہیں کرتے، جو ایسے افسوسناک واقعات کا باعث بنتے ہیں۔

ٹیگز: