راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ازبکستان کے نائب وزیر دفاع میجر جنرل برخانوف احمد جمالووچ کی ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ فوجی تعلقات اور علاقائی سلامتی کے معاملات پر گفتگو کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ازبک نائب وزیر دفاع کو جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، میجر جنرل برخانوف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو سراہا۔