اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروس چیفس نے یومِ پاکستان کی 85 ویں سالگرہ کے موقع پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور عہد کیا کہ وطن کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سروسز چیفس نے کہا کہ 23 مارچ 1940 ہمارے تاریخ کا ایک سنگ میل تھا، جس دن نے ہماری قوم کو ایک مضبوط وژن دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان جمہوریت کے اصولوں کے تحت ترقی کی راہوں پر گامزن ہے اور اپنے جمہوری اداروں کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ چاک و چوبند اور تیار ہیں، اور وطن کی سرحدوں کی حفاظت اور خودمختاری کے لیے ان کا عزم کبھی کمزور نہیں ہوگا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، آج کا پاکستان عالمی برادری میں ایک ذمہ دار اور پرعزم ملک کے طور پر موجود ہے، جو امن، استحکام اور تعاون کا حامی ہے۔
سروس چیفس نے کہا کہ پاکستان کی حفاظت کے لیے ہم ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے اور اسے ایک ہم آہنگ اور مستحکم ملک بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔