اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے دریائے چناب، ستلج اور راوی میں ممکنہ شدید سیلاب کے پیش نظر فوری اقدامات کا حکم دیا ہے۔
وزیراعظم نے وفاقی وزراء کو ہدایت کی ہے کہ وہ پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فوری دورہ کریں اور وہاں جاری امدادی کاموں کی خود نگرانی کریں۔
انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کو ہدایت دی کہ وہ صوبائی اداروں (PDMA) سے مسلسل رابطے میں رہیں اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں بسنے والے لوگوں کو بروقت خبردار کیا جائے تاکہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دریاؤں کے کنارے آباد لوگوں کے انخلا کے عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے۔
وزیراعظم نے امدادی کارروائیوں کی رفتار بڑھانے اور اداروں کے درمیان بہتر رابطہ قائم کرنے پر زور دیا تاکہ جانی و مالی نقصان کم سے کم ہو۔