Wed, September 16, 2026

بیجنگ: وزیراعظم کی زیرصدارت سیلابی صورتحال کا جائزہ، امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

بیجنگ: وزیراعظم کی زیرصدارت سیلابی صورتحال کا جائزہ، امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

بیجنگ: وزیراعظم کی قیادت میں سیلابی حالات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ اجلاس میں ملک بھر میں موجود سیلابی صورتحال اور ریسکیو آپریشنز پر تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔

پاکستان ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم نے مون سون کے شدید سلسلے کے دوران نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور دیگر امدادی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اپنی مصروفیات روک کر اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں این ڈی ایم اے کے چئیرمین، پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹریز سمیت دیگر متعلقہ حکام نے سیلابی صورتحال اور امدادی اقدامات کی تفصیلات فراہم کیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) اور وزارت توانائی سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر بشمول مواصلاتی نیٹ ورک اور بجلی کی فراہمی کی فوری بحالی یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی فوری بحالی، محفوظ مقامات پر منتقلی اور تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر کام کریں۔

وزیراعظم نے خاص طور پر پنجاب اور سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں پر توجہ مرکوز کرنے کی تاکید کی اور این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں اور ہر ممکن معاونت فراہم کریں۔

مزید برآں، وزیراعظم نے سیلاب کی وجہ سے لاپتہ افراد کی جلد بازیابی کے احکامات بھی جاری کیے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ دریائے راوی، چناب اور ستلج میں طغیانی کی نگرانی جاری ہے اور ڈیمز و بیراجز کی ریگولیشن کی جارہی ہے۔

سیلابی ریلوں کے باعث پنجند کے مقام پر شدید طغیانی متوقع ہے جو 6 ستمبر تک گڈو بیراج تک پہنچنے کا امکان ہے، جہاں صورتحال پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔

این ڈی ایم اے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر گڈو کے مقام پر متوقع سیلابی صورتحال کے پیش نظر مکمل انتظامات کر رہا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ریسکیو 1122، پاک فوج، رینجرز، غیر سرکاری تنظیمیں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ادارے ایک مشترکہ کوشش کے تحت امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف سامان کی فراہمی جاری ہے۔ بجلی کی بحالی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات بیجنگ میں موجود تھے جبکہ این ڈی ایم اے کے چئیرمین اور دیگر اعلیٰ حکام ویڈیو لنک کے ذریعے پاکستان سے اجلاس میں شریک ہوئے۔

ٹیگز: