لاہور : لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ و انتظامیہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست کی جس میں انہوں نے پاک فوج سے متعلق سوالات کے تسلی بخش اور مدلل جوابات دیے۔
شرکاء نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے اساتذہ اور طلبہ ہمیشہ پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور آج کے اس دورے نے پاک فوج کے خلاف چلنے والے منفی پروپیگنڈے کی وجہ سے پیدا ہونے والے شکوک و شبہات کو دور کرنے میں مدد دی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اور فیکلٹی ممبران سے بھی ملاقات کی، جہاں پاک فوج کی بھارت کے خلاف کامیابیوں کو سراہا گیا۔ اس موقع پر طلبہ و فیکلٹی نے فوج کے لیے خراج تحسین پیش کیا۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں میں غلط فہمیوں کو ختم کرنے کے لیے ایسے تعلیمی سیشنز بہت ضروری ہیں، خاص طور پر جب میڈیا میں غلط معلومات اور فیک نیوز عام ہو رہی ہے۔