لاہور:وزیراعظم شہباز شریف لاہور میں جاتی امرا پہنچے، جہاں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی منظرنامے، معاشی پالیسیوں اور حکومتی اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بتدریج مضبوط ہو رہی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے شہباز شریف کی انتھک محنت اور انتظامی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر بھی ان کی کارکردگی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں مرغوب احمد کی رہائش گاہ بھی گئے، جہاں انہوں نے ان کی اہلیہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا۔ وزیراعظم نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔