کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع سبی اور اس کے قریبی علاقوں میں آج صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 3.1 ریکٹر اسکیل پر تھی اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز سبی سے تقریباً 60 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا۔
زلزلے کے فوراً بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ پڑھتے ہوئے اللہ کی پناہ طلب کی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق زلزلہ سبی، ہرنائی اور دکی اضلاع کے درمیان پہاڑی علاقے میں آیا، لیکن خوش قسمتی سے اس میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے، گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع قلات میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس کی شدت 3.0 ریکٹر اسکیل تھی اور اس کی گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔