کوہلو: بلوچستان کے ضلع کوہلو اور اس سے ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے احتیاطاً گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.0 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز کوہلو سے تقریباً 65 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا، جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 18 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ ادارے کے مطابق زلزلے کے جغرافیائی نقاط 30.40 درجے شمالی عرض بلد اور 69.68 درجے مشرقی طول بلد پر واقع تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ چار روز قبل بھی اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں، جن میں سوات، شانگلہ، ملاکنڈ، مردان، خیبر اور جمرود شامل ہیں، میں 5.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ اس زلزلے کا مرکز کوہِ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا اور اس کی گہرائی 215 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔