اسلام آباد/دوشنبے :وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، لیکن اس کے باوجود ہمارا ملک موسمیاتی تبدیلیوں کی صفِ اول میں کھڑا بھاری قیمت چکا رہا ہے۔
دوشنبے میں انٹرنیشنل واٹر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے عالمی برادری کو یاد دلایا کہ پاکستان گزشتہ چند سالوں کے دوران مسلسل تباہ کن سیلابوں کا نشانہ بنا ہے، جس نے معیشت اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں اس وقت 2 ارب لوگ پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں اور افریقہ سمیت کئی خطے پانی کے شدید بحران سے گزر رہے ہیں۔
اپنے خطاب میں مصدق ملک نے پڑوسی ملک بھارت کی آبی جارحیت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی کی جانب سے مسلسل سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، جو دوطرفہ اور علاقائی استحکام کے لیے نقصان دہ ہے۔