نیویارک :اقوام متحدہ میں پاکستان کو اگلے ماہ ایک اہم ذمہ داری سونپی جا رہی ہے، جہاں وہ سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے گا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، عاصم افتخار نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی اور صدارت کے دوران پاکستان کے اہداف اور کام کے منصوبے سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ عاصم افتخار نے واضح کیا کہ پاکستان عالمی امن و سلامتی کے لیے پرعزم ہے، اور اپنی صدارت کو شفاف، کھلے اور مشاورتی انداز میں آگے بڑھائے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے مشترکہ عالمی تعاون ناگزیر ہے، اور اقوام متحدہ کے امن کیلئے کیے گئے اقدامات کی بھرپور حمایت کی۔
پاکستان کی یہ صدارت نہ صرف سفارتی سطح پر اس کی اہمیت کو بڑھائے گی، بلکہ جنوبی ایشیا کے مؤقف کو اقوام متحدہ کے فورم پر مؤثر انداز میں سامنے لانے کا بھی موقع فراہم کرے گی۔