نیویارک :اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے جنوبی سوڈان کی سیاسی اور سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2018 کے تجدید شدہ امن معاہدے کی پاسداری ہی جنوبی سوڈان میں امن قائم رکھنے کی بنیاد ہے، اور اس کی خلاف ورزی موجودہ بحران کو مزید بڑھا سکتی ہے۔
انہوں نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں فوری جنگ بندی اور تمام فریقین کے درمیان مذاکرات کی بحالی پر زور دیا۔ عاصم افتخار نے کہا کہ جنوبی سوڈان کو اس وقت پیچھے نہیں بلکہ آگے بڑھنا چاہیے، اس لیے سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی ناگزیر ہے تاکہ اعتماد اور شمولیت کے ذریعے پائیدار امن ممکن ہو سکے۔
پاکستانی مندوب نے 2026 میں متوقع انتخابات کو امن کی کرن قرار دیتے ہوئے کہا کہ شفاف اور قابل اعتماد انتخابات کے انعقاد کے لیے بین الاقوامی تعاون کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر اعتماد اور جامعیت کا ماحول بھی ضروری ہے۔
انہوں نے جنوبی سوڈان میں انسانی بحران کو نہایت سنگین قرار دیا اور بتایا کہ مسلح تنازعات، موسمیاتی تبدیلیوں، ہیضے کی وبا اور پڑوسی ملک سوڈان کی صورتحال نے لاکھوں افراد کو شدید مشکلات میں مبتلا کر رکھا ہے۔
آخر میں عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کے امن مشن (یو این ایم آئی ایس ایس) کو ’’زندگی کی ڈور‘‘ قرار دیتے ہوئے پاکستانی امن فوجیوں کی خدمات کو بھی سراہا۔