Wed, September 16, 2026

پاکستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت مل گئی، فلسطین پر کھلی بحث ہوگی ، اسھاق ڈار

پاکستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت مل گئی، فلسطین پر کھلی بحث ہوگی ، اسھاق ڈار

اسلام آباد : پاکستان نے جولائی 2025 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے۔ یہ ذمہ داری ایسے وقت میں ملی ہے جب دنیا بھر میں جنگ، تنازعات اور انسانی بحران بڑھتے جا رہے ہیں۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے اصولوں اور عالمی قوانین کے مطابق یہ ذمہ داری ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں امن کے لیے سفارت کاری اور بات چیت کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے، اور پاکستان اس سمت میں کام کرے گا۔

اسحاق ڈار نے اعلان کیا کہ اپنی صدارت کے دوران وہ فلسطین کے مسئلے پر کھلی بحث کی صدارت بھی کریں گے، جو سہ ماہی بنیاد پر ہوگی۔ اس کے علاوہ اس مہینے دو اہم عالمی سطح کے اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے۔

یہ پاکستان کی سلامتی کونسل میں آٹھویں بار نمائندگی ہے، اور 2013 کے بعد پہلی بار ہے کہ پاکستان کو اس اہم ادارے کی قیادت کا موقع ملا ہے۔ پاکستان نے جنوری 2025 میں دو سالہ غیر مستقل رکن کے طور پر اپنی موجودہ مدت کا آغاز کیا تھا، جو دسمبر 2026 تک جاری رہے گی۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان ایک مشکل وقت میں کونسل کی قیادت سنبھال رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو آج غیر یقینی حالات، بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امن و سلامتی کے سنگین خطرات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی صدارت کے دوران شفافیت، شمولیت اور مؤثر فیصلوں کو فروغ دینے کی کوشش کرے گا، اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر ایسا لائحہ عمل بنائے گا جو عالمی برادری کی توقعات پر پورا اترے۔

ٹیگز: