راولپنڈی: یونائیٹڈ اسٹیٹس سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ جنرل مائیکل ایرک کوریلا کو پاکستان اور امریکہ کے درمیان عسکری تعاون بڑھانے میں اہم کردار ادا کرنے پر نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ اعزاز صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے ایوانِ صدر میں ایک باوقار تقریب کے دوران عطا کیا۔ اس موقع پر جنرل کوریلا کو پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
بیان کے مطابق، جنرل کوریلا نے انسدادِ دہشت گردی، دفاعی روابط، اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے اپنی قیادت کے ذریعے پاک امریکہ عسکری تعلقات میں گہرا تعاون یقینی بنایا۔ ان کی کوششیں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک سطح پر باہمی اعتماد اور اشتراک کو فروغ دینے کا ذریعہ بنیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ یہ اعزاز پاکستان کی طرف سے جنرل کوریلا کی مسلسل حمایت، پیشہ ورانہ شراکت اور خطے میں استحکام لانے کی کاوشوں کے اعتراف کے طور پر پیش کیا گیا۔ اس اقدام کو دونوں ملکوں کے درمیان طویل مدتی دفاعی تعاون اور پائیدار شراکت داری کی توثیق قرار دیا گیا۔
اپنے دورہ پاکستان کے دوران جنرل کوریلا نے صدرِ مملکت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں علاقائی سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی، اور ابھرتے ہوئے بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔