کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے تاجروں کے لیے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جس کی بھی غفلت ثابت ہوئی، اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
کورنگی کاز وے پل کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے مندرجہ ذیل اہم اعلانات کیے۔انہوں نے کہاکہ دو ماہ میں دکانوں کی واپسی: وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت دکانداروں کے تعاون سے پلازہ کی تعمیرِ نو کرے گی اور 60 دنوں کے اندر دکانیں فعال کر دی جائیں گی۔
ان کاکہنا تھاکہ متاثرہ دکانداروں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے کے قرض کا انتظام کیا گیا ہے، جس کے مارک اپ (سود) کی ادائیگی سندھ حکومت خود کرے گی تاکہ تاجروں پر بوجھ نہ پڑے۔نقصان کے تخمینے اور اس کے ازالے کے لیے کراچی چیمبر آف کامرس کی مدد لی جا رہی ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گل پلازہ کے واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ اب دیگر صوبوں میں بھی حفاظتی کمیٹیاں متحرک ہو گئی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی کی ہر عمارت کا فنی آڈٹ کیا جائے گا تاکہ انسانی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہاکہ عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے اس اہم شاہراہ کو عید تک ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔کورنگی کاز وے پل کا افتتاح شہر کے مواصلاتی نظام کو بہتر بنانے کی سمت ایک بڑی کڑی ہے۔