چنئی: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے سنسنی خیز مقابلے میں بھارتی ٹیم نے دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت زمبابوے کو 72 رنز کے نمایاں فرق سے ہرا دیا۔
257 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز ہی بنا سکی اور یوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا، تاہم بھارتی بیٹرز نے ابتدا ہی سے جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے بولرز کو دباؤ میں رکھا۔
بھارت نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 256 رنز اسکور کیے، جو نہ صرف رواں ایونٹ کا سب سے بڑا مجموعہ ہے بلکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا اسکور بھی قرار پایا۔ اننگز کے دوران بھارتی کھلاڑیوں نے 17 چھکے جڑ کر شائقین کو محظوظ کیا۔
ابھیشیک شرما نے 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ایشان کشن نے 38 جبکہ کپتان سوریہ کمار یادیو نے 33 رنز بنائے۔ سنجو سیمسن 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
اختتامی لمحات میں ہاردک پانڈیا اور تلک ورما نے برق رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ پانڈیا نے 23 گیندوں پر ناقابلِ شکست 53 رنز اسکور کیے جبکہ تلک ورما 16 گیندوں پر 44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جس سے ٹیم کا مجموعہ ایک بڑے اسکور تک جا پہنچا۔
یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل 2007 کے ایڈیشن میں سری لنکا نے کینیا کے خلاف 260 رنز بنائے تھے۔
ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی جانب سے برائن بینیٹ نے بہترین مزاحمت دکھاتے ہوئے 97 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، تاہم دیگر بیٹرز ان کا ساتھ نہ دے سکے۔ کپتان سکندر رضا 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے مؤثر بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس شکست کے بعد زمبابوے کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔ سپر 8 کے گروپ ون سے جنوبی افریقا پہلے ہی اگلے مرحلے میں جگہ بنا چکا ہے، جبکہ دوسری سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے میچ کے بعد ہوگا۔