تہران : ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ خطے میں اسرائیل ہی وہ واحد ملک ہے جو جنگ چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران امریکا کے ساتھ ایک منصفانہ معاہدے تک پہنچنے کے لیے پرعزم ہے اور جنگ یا امن دونوں کے لیے تیار ہے۔ عراقچی نے واضح کیا کہ ایران کو دھمکیاں دے کر ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا، اور ان کی خواہش جنگ کی تیاری نہیں بلکہ اسے روکنا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر بھی الزام عائد کیا کہ وہ جعلی خبروں کا شکار ہو چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایران امریکا تک پہنچنے والے ایٹمی ہتھیار تیار نہیں کر رہا اور نہ ہی ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔
یہ بیان اس وقت آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کا تیسرا دور جنیوا میں شروع ہو رہا ہے، جو عمان کی ثالثی میں ہو رہے ہیں۔