Wed, September 16, 2026

اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال ، ایران امریکا معاہدے پر تبادلہ خیال

اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال ، ایران امریکا معاہدے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال، اسرائیل کی جانب سے لبنان میں سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور ایران امریکا معاہدے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔

ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے ایران امریکا معاہدے پر ایرانی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت خطے میں امن، استحکام اور سفارتی روابط کے فروغ میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کی جانب سے لبنان میں سیز فائر کی مبینہ خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے معاہدے کے حوالے سے پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

ادھر پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ کا ایک اہم اجلاس 21 جون کو متوقع ہے، جس میں خطے کی بدلتی صورتحال اور آئندہ کے مشترکہ لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔

ٹیگز: