لاہور : لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کے واقعات کے دو مقدمات کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے میاں محمود الرشید کو 33 سال قید اور چھ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، اور عمر سرفراز چیمہ کو دس دس سال قید کی سزا دی ہے۔
محمود الرشید کو الگ الگ سکیشنز میں سزائیں دی گئیں، جب کہ ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر رہنماؤں پر الزام تھا کہ انہوں نے عوام میں بدامنی پھیلانے کے لیے سازش کی تھی۔ ان پر ملک میں جلاؤ گھیراؤ کے لیے لوگوں کو اُکسانے کا الزام تھا۔
عدالت نے 23 ملزمان کو بری کر دیا، کیونکہ ان کے خلاف کوئی واضح ثبوت نہیں ملے۔ تاہم، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت سات ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر سزا دی گئی۔
پراسیکیوشن نے واٹس ایپ پیغامات اور 70 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے ملزمان کی سازش کا ثبوت پیش کیا، جبکہ فرانزک رپورٹس بھی عدالت میں پیش کی گئیں۔ جے آئی ٹی کی تفتیشی ٹیم نے بھی ملزمان کو قصوروار قرار دیا، اور یہ ملزمان خود کو معصوم قرار دینے کے باوجود اپنی بے گناہی ثابت نہیں کر پائے۔