Wed, September 16, 2026

فیصل آباد: انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں 108 ملزمان کو سزائیں سنا دیں

فیصل آباد: انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں 108 ملزمان کو سزائیں سنا دیں

فیصل آباد :   فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے دو مقدمات میں اہم فیصلہ سنایا ہے، جس میں عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل، اور صاحبزادہ حامد رضا سمیت 168 ملزمان کو قید کی مختلف سزائیں دی گئی ہیں۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے حساس ادارے کے دفتر پر حملے کے الزام میں درج مقدمہ میں 185 ملزمان میں سے 108 کو سزا سنائی جبکہ 77 کو بری کر دیا۔ عدالت کے اندر اور باہر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی لیڈر زرتاج گل اور سینیٹ میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شبلی فراز کو 10 سال قید کی سزا دی گئی ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کو بھی 10 سال قید کی سزا ملی ہے۔

سابق وفاقی وزیر فواد چودھری اور رکن قومی اسمبلی زین قریشی کو عدالت نے بری کر دیا ہے۔ علی افضل ساہی کو تین سال قید کی سزا دی گئی جبکہ خیال کاسترو بھی بری ہوئے ہیں۔

اسی طرح تھانہ غلام محمد آباد کے مقدمہ میں 66 ملزمان میں سے 60 کو سزا دی گئی اور 6 کو بری کیا گیا۔

سپریم کورٹ نے انسداد دہشتگردی کی عدالتوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ 9 مئی کے مقدمات جلد از جلد نمٹائیں کیونکہ ان کی مقررہ آخری تاریخ اگلے ماہ ختم ہو رہی ہے۔

یاد رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں مظاہرے ہوئے تھے جن میں کئی سرکاری اور عسکری اداروں کو نقصان پہنچا تھا، اور اس کے بعد مختلف شہروں میں انسداد دہشتگردی کے مقدمات درج کیے گئے۔

ٹیگز: