چانگشا: صدر مملکت آصف علی زرداری ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ چین کے 5 روزہ سرکاری دورے پر پہنچ گئے ہیں۔ چانگشا پہنچنے پر چینی حکومت کے اعلیٰ حکام اور پاکستانی سفارتی عملے نے صدر کا استقبال کیا۔صدر آصف علی زرداری کے اس دورے کا محور دوطرفہ اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری ہے۔ دورے کے دوران درج ذیل اہم سرگرمیاں طے ہیں۔
صدر زرداری چانگشا کی صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جس میں زراعت، ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون پر بات ہوگی۔اس دورے کی خاص بات حکومتِ سندھ اور صفِ اول کی چینی کمپنیوں کے درمیان ہونے والے ترقیاتی معاہدے ہیں۔ مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے جائیں گے، جو سندھ میں چینی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر زرداری کا یہ دورہ نہ صرف وفاقی بلکہ صوبائی سطح پر بھی پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) کے ثمرات کو عام کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ قیام کے دوران صدر مملکت چین کی معروف کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔