واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ نے چین اور امریکا کے درمیان تعاون اور باہمی احترام کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
چینی صدر کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ چین اور امریکا اپنے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں اور امریکا چین کے ساتھ متوازن تجارتی تعلقات کے لیے کام کر رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ چینی صدر کے ساتھ سکیورٹی، سپر انٹیلی جنس اور دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور ان کے درمیان متعدد معاملات پر اتفاق ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین اور امریکا کے درمیان محاذ آرائی دونوں ممالک کے لیے نقصان دہ ہوگی، اس لیے دونوں بڑی طاقتوں کو باہمی احترام کا رشتہ برقرار رکھنا چاہیے۔
شی جن پنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کو ہار جیت کی دوڑ میں شامل ہونے کے بجائے تعاون پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا اس وقت بڑی تبدیلیوں سے گزر رہی ہے اور مصنوعی ذہانت کی ترقی انسانی کنٹرول میں ہونی چاہیے۔
اس سے قبل وائٹ ہاؤس آمد پر چینی صدر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، جبکہ شی جن پنگ نے اہلیہ کے ہمراہ فوجی پریڈ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر بمبار اور لڑاکا طیاروں نے فلائی پاسٹ کے ذریعے چینی صدر کو سلامی بھی پیش کی۔