Fri, September 25, 2026

پریزیڈنٹ ٹرافی: محمد شہزاد کی دھواں دار سنچری، عتیق الرحمان کے 136 رنز

پریزیڈنٹ ٹرافی: محمد شہزاد کی دھواں دار سنچری، عتیق الرحمان کے 136 رنز

اسلام آباد :پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے تیسرے راؤنڈ کے پہلے روز بیٹنگ کے شعبے میں محمد شہزاد اور عتیق الرحمان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ بارش کے باعث بعض مقابلوں میں اوورز محدود کرنا پڑے۔

ڈائمنڈ کرکٹ سٹیڈیم اسلام آباد میں پی ٹی وی کے محمد شہزاد نے صرف 49 گیندوں پر سنچری مکمل کرکے ریکارڈ قائم کیا۔ وہ 62 گیندوں پر 12 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 114 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پی ٹی وی نے 58 اوورز میں 7 وکٹوں پر 285 رنز سکور کیے۔

عمران خان کرکٹ سٹیڈیم میں ایم آئی ٹی سلوشنز کے عتیق الرحمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 136 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے سید عواد نقوی کے ساتھ 218 رنز کی شراکت قائم کی۔ عواد نقوی 65 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، جبکہ ایم آئی ٹی سلوشنز نے 79 اوورز میں 3 وکٹوں پر 258 رنز بنائے۔

نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں غنی گلاس نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے خلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے۔

ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں بارش کے سبب میچ 60 اوورز تک محدود رہا۔ کے آر ایل نے او جی ڈی سی ایل کے خلاف 5 وکٹوں پر 202 رنز بنائے۔

ٹیگز: