Wed, September 16, 2026

چین اور شمالی کوریا تعلقات: شی جن پنگ کا اہم دورہ، تعاون بڑھانے پر زور

چین اور شمالی کوریا تعلقات: شی جن پنگ کا اہم دورہ، تعاون بڑھانے پر زور

پیانگ یانگ: چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے دورۂ شمالی کوریا کے دوران بیجنگ کی جانب سے پیانگ یانگ کے لیے “غیر متزلزل” حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر شی جن پنگ اپنی اہلیہ پینگ لی یوان کے ہمراہ 2019 کے بعد پہلی مرتبہ شمالی کوریا کے سرکاری دورے پر پیانگ یانگ پہنچے، جہاں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن اور ان کی اہلیہ ری سول جو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

دورے کے دوران چینی صدر نے کم جونگ اُن سے ملاقات کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی اور حکومت چین و شمالی کوریا کے درمیان دیرینہ اور روایتی دوستی کو مزید وسعت دینے کے مؤقف پر قائم رہے گی۔

سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق شی جن پنگ نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، جن میں خارجہ امور، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دفاعی شعبہ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اعلیٰ سطحی روابط اور ہر سطح پر تبادلوں کو فروغ دے کر باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہیے۔

یہ دورہ رواں سال چینی صدر کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے، جو اس وقت ہوا جب وہ حال ہی میں بیجنگ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی ملاقاتیں کر چکے ہیں۔
 

ٹیگز: