Wed, September 16, 2026

وزیراعظم شہباز شریف سے بل گیٹس کی ملاقات: صحت، ڈیجیٹل تبدیلی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف سے بل گیٹس کی ملاقات: صحت، ڈیجیٹل تبدیلی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق

نیویارک : نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بل گیٹس سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان میں صحت، غذائیت اور ڈیجیٹل تبدیلی کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے دوران گیٹس فاؤنڈیشن کی مدد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فاؤنڈیشن نے 2022 کے سیلاب میں بھی بہت اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے کو حکومت کی سب سے بڑی ترجیح قرار دیا اور گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کو اس میں کلیدی اہمیت کا حامل بتایا۔

مزید برآں، شہباز شریف نے کہا کہ حکومت معاشی اصلاحات اور کیش لیس نظام پر کام کر رہی ہے، اور اس حوالے سے گیٹس فاؤنڈیشن کی مدد قابلِ قدر ہے۔ دونوں رہنماؤں نے صحت، سماجی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔

اسی اجلاس کے دوران وزیراعظم کی بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے بھی ملاقات ہوئی، جہاں دونوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو مضبوط بنانے، تجارت اور علاقائی روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا کہا، جبکہ پروفیسر یونس نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ٹیگز: