ٹوبہ ٹیک سنگھ : گوجرانوالہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گزشتہ روز پیش آنے والے دو الگ الگ ٹریفک حادثات میں کم از کم 8 افراد کی قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں، جبکہ 15 افراد زخمی ہو گئے۔
گوجرانوالہ کے علاقے نوکھر میں حافظ آباد روڈ پر ایک خوفناک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار ٹرک نے ایک کیری ڈبے کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں پانچ افراد جاں بحق ہوئے، جن میں خواتین اور ایک بچہ بھی شامل تھا۔ زخمیوں میں بھی خواتین اور بچے شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دوسری طرف، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے رجانہ انٹرچینج پر بھی ایک دل دہلا دینے والا حادثہ ہوا۔ ایک ڈالہ گاڑی سبزی سے لدے مزدے سے ٹکرا کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں ایک سالہ بچہ بھی شامل تھا۔ گیارہ افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس حادثے کی وجہ بھی تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے۔