کرک : کرک میں انڈس ہائی وے پر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک مسافر وین اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں خاتون اور بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہو گئے، جب کہ 5 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ لکی غنڈکی کے قریب پیش آیا، جہاں وین تیز رفتاری کے باعث ٹرالر سے جا ٹکرائی اور مکمل طور پر اس کے نیچے پھنس گئی۔ مقامی افراد اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جب کہ زخمیوں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ، شیخوپورہ کے لاہور روڈ پر ایک تیز رفتار ڈمپر نے رکشہ کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔