لندن / اسلام آباد : قومی ایئر لائن (PIA) نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے لندن سے لاہور کے لیے براہِ راست پروازوں کے دوبارہ آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اہم پیش رفت ایک طویل تعطل کے بعد سامنے آئی ہے، جس سے مسافروں کو اب طویل اور تھکا دینے والی کنیکٹنگ فلائٹس سے نجات مل جائے گی۔
پی آئی اے حکام کے مطابق، برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی ایک منظم منصوبے کے تحت کی جا رہی ہے ۔ پی آئی اے نے پہلے مرحلے میں برطانیہ کے شہر مانچسٹر سے اسلام آباد کے لیے اپنی پروازیں کامیابی سے شروع کی تھیں۔ اب دوسرے مرحلے میں دارالحکومت لندن سے لاہور کے درمیان براہِ راست فضائی رابطہ بحال کیا جا رہا ہے، جو گزشتہ 6 سال سے پابندی کی وجہ سے معطل تھا۔
یاد رہے کہ پی آئی اے پر برطانیہ اور یورپی ممالک کے لیے پروازوں پر پابندی عائد تھی، جس کی وجہ سے قومی ایئر لائن کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ اب تمام فنی اور حفاظتی تقاضوں کو پورا کرنے کے بعد اس روٹ کو دوبارہ کھولا گیا ہے۔
سفارتی اور تجارتی حلقوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ لندن، لاہور براہِ راست روٹ پی آئی اے کا سب سے زیادہ منافع بخش روٹ رہا ہے۔ اس سروس کی بحالی سے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔ قومی ایئر لائن کے مالیاتی خسارے میں کمی آنے کی توقع ہے۔