لاہور : پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے لیے لاہور سے براہِ راست پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔ پہلی پرواز 174 مسافروں کو لے کر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی۔
پرواز کی روانگی سے پہلے ایئرپورٹ پر ایک خوشگوار تقریب منعقد ہوئی، جس میں کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف، آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادیو، سیکریٹری دفاع میجر جنرل عامر اشفاق کیانی اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
پی آئی اے کے مطابق، فی الحال لاہور اور باکو کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی۔ سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کے لیے خاص انتظامات کیے گئے، اور مسافروں کو خوبصورت تحائف بھی دیے گئے۔
پروازوں کے آغاز سے پہلے ایک روڈ شو بھی منعقد کیا گیا جس میں سیاحت، سفری ایجنسیوں اور ٹور آپریٹرز نے بھرپور حصہ لیا۔ پی آئی اے کا کہنا ہے کہ باکو ایک تیزی سے مقبول ہوتا ہوا سیاحتی شہر ہے، جسے "ایشیا کا یورپ" بھی کہا جاتا ہے۔ وہاں کے خوبصورت مناظر، ثقافتی مقامات اور لذیذ کھانے دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتے ہیں۔