Wed, September 16, 2026

محرم الحرام کے دوران امن و امان کیلئے محسن نقوی کی اپیل، اسلام آباد میں سیکیورٹی پلان مکمل

محرم الحرام کے دوران امن و امان کیلئے محسن نقوی کی اپیل، اسلام آباد میں سیکیورٹی پلان مکمل

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن کے قیام کے لیے معاشرے کے تمام طبقوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مقدس مہینے میں مکمل امن یقینی بنانے کے لیے تمام ادارے بھرپور طریقے سے کام کر رہے ہیں۔

محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں اسلام آباد میں محرم کے دوران سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اور ڈی آئی جی اسلام آباد نے بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ شہر میں 181 جلوس اور 965 مجالس منعقد ہوں گی، جن کا سیکیورٹی آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ مجالس اور جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی کی جائے، اور سیف سٹی کنٹرول روم سے سیکیورٹی کا مکمل انتظام یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مقام کی جیو ٹیگنگ مکمل ہو چکی ہے، اور سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

انہوں نے زور دیا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کے آرام، کھانے پینے اور شفٹوں کی مناسب ترتیب کا خیال رکھا جائے تاکہ وہ بہتر طریقے سے ڈیوٹی سر انجام دے سکیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، اس کے لیے فول پروف سیکیورٹی ضروری ہے۔ تمام مسالک کے علمائے کرام سے مسلسل رابطے اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں وزیر مملکت طلال چوہدری سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ٹیگز: