Wed, September 16, 2026

پاکستان اور اٹلی کے درمیان داخلی سکیورٹی اور قانونی ہجرت پر بات چیت

پاکستان اور اٹلی کے درمیان داخلی سکیورٹی اور قانونی ہجرت پر بات چیت

روم : پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان داخلی سکیورٹی تعاون، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور قانونی ہجرت کے فروغ پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قانونی ہجرت کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کے لیے 10,500 ورک ویزے جاری کیے جائیں گے۔ اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک اس سلسلے میں تعاون بڑھائیں گے اور اپنے تعلقات کو مزید وسعت دیں گے۔

محسن نقوی نے اطالوی وزیر داخلہ سے درخواست کی کہ پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو اٹلی کا ویزہ نہیں دینا جائے، جس پر پینٹے ڈوسی نے آمادگی ظاہر کی۔

دونوں وزرائے داخلہ نے انسانی سمگلنگ، منشیات اور دہشت گردی کے خلاف مزید مؤثر تعاون پر بھی بات کی۔ محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے ایئرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر سخت نگرانی کے اقدامات کیے ہیں، جس کے نتیجے میں اس میں نمایاں کمی آئی ہے۔

اطالوی وزیر داخلہ نے پاکستان کی پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ اور منشیات کے خلاف پاکستانی اداروں کی کامیابیاں قابل ستائش ہیں۔

ملاقات کے دوران پنجاب پولیس کے افسران نے پولیس خدمت مراکز گلوبل کے حوالے سے بریفنگ دی، جسے اطالوی حکام نے سراہا۔ اس ملاقات میں اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

ٹیگز: