Wed, September 16, 2026

2025میں پاکستان کئی برسوں بعد دوبارہ عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ،امریکی میگزین دی ڈپلومیٹ

 2025میں پاکستان کئی برسوں بعد دوبارہ عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ،امریکی میگزین دی ڈپلومیٹ

واشنگٹن : امریکی میگزین دی ڈپلومیٹ نے 2025 کو پاکستان کے لیے ایک اہم سال قرار دیا ہے، جس میں پاکستان نے عالمی سطح پر دوبارہ اپنی موجودگی کو محسوس کرایا۔ میگزین کے مطابق، یہ سال پاکستان کے لیے سٹریٹجک واپسی اور عسکری اعتماد کا سال تھا، جب عسکری قیادت نے انتہا پسندی کے خلاف ایک واضح اور مضبوط پیغام دیا۔

پاکستان کے آرمی چیف نے واضح طور پر کہا کہ "جہاد کا اعلان صرف ریاست کے پاس ہے"، جو انتہا پسندی کے خلاف ایک اہم قدم تھا۔ عسکری قیادت نے اپنی ریاستی پالیسی کو مضبوط کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا کہ پاکستان کی فوجی طاقت اور ریاستی رٹ کو کوئی چیلنج نہ کرے۔ مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ ہونے والی فوجی جھڑپوں نے بھی پاکستان کی عسکری صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔

پاکستان کی فوج نے بھارت کے خلاف جس مؤثر طریقے سے جواب دیا، اس نے عالمی دفاعی ماہرین کی توجہ حاصل کی۔ پاکستان کی عسکری کارکردگی نے ملک کی سٹریٹجک ساکھ اور دفاعی قوت کو مضبوط کیا، اور اس کی فوجی کامیابیاں دنیا بھر میں زیرِ بحث آئیں۔

پاکستان کی فوج کی کامیاب کارکردگی کے بعد پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بھی بہتری آئی۔ دی ڈپلومیٹ کے مطابق، پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنے دفاعی معاہدوں کو مزید مستحکم کیا اور سعودی عرب کے ساتھ بڑا دفاعی معاہدہ طے کیا، جس سے پاکستان کا علاقائی کردار مزید مضبوط ہوا۔

رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے دفاعی سازوسامان کی عالمی سطح پر مانگ میں اضافہ ہوا، خاص طور پر چین نے پاکستان کے ہتھیاروں کی کارکردگی کو سراہا۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے لیے عالمی سطح پر مثبت ماحول بننے کی امید بھی بڑھی، اور پاکستان کو غزہ کے معاملے میں اہم کردار حاصل ہوا۔

پاکستان نے افغانستان کے معاملے پر بھی واضح مؤقف اختیار کیا، اور ٹی ٹی پی کے خلاف اپنے اقدامات مزید سخت کیے۔ پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی کے خلاف اپنے مؤثر اقدامات کو اجاگر کیا اور دہشت گردی کے خلاف دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ تعاون بڑھایا۔

معاشی مشکلات کے باوجود پاکستان نے اصلاحاتی اقدامات پر پیش رفت کی، جن میں پی آئی اے کی نجکاری جیسے اقدامات شامل تھے، جو ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان اقدامات نے پاکستان کے اندرونی معاملات میں تبدیلی کی راہ ہموار کی۔

ٹیگز: