اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت میں ایرانی وزیر خارجہ کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے شہر کے کلیدی علاقوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون کو ہر قسم کی عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ داخلی راستوں پر کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر حساس مقامات کو سیل کر دیا گیا ہے تاکہ وی آئی پی موومنٹ کو محفوظ بنایا جا سکے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے سڑکوں کی بندش کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے متبادل راستوں کا اعلان کیا ہے۔ راولپنڈی کے لیے متبادل راستہ جی-5، جی-6، جی-7 اور ایف-6، ایف-7 کے رہائشی راولپنڈی جانے کے لیے مارگلہ روڈ سے ہوتے ہوئے نائنتھ ایونیو (9th Avenue) استعمال کریں۔
شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنی سفر کی منصوبہ بندی ٹریفک پلان کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں تاکہ بروقت منزل پر پہنچ سکیں۔ سکیورٹی نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور حساس علاقوں کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ ریڈ زون میں صرف متعلقہ پاسز رکھنے والی گاڑیوں کو ہی داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔