اسلام آباد :وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے بعد مذاکرات کے لیے اسلام آباد کا انتخاب پاکستان کے لیے ایک بڑا عالمی اعزاز ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اس تاریخی موقع پر بہترین میزبانی اور فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
وفود کی آمد سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اہم ترین اجلاس منعقد ہوا جس میں درج ذیل اہم فیصلے کیے گئے۔مذاکرات کے دوران ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل رکھا جائے گا اور صرف متعلقہ افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ وزارت داخلہ میں ایک مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا ہے جو 24 گھنٹے حالات پر نظر رکھے گا۔رینجرز، پولیس اور فیڈرل کانسٹیبلری کو مشترکہ طور پر سکیورٹی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا امریکہ اور ایران کے وفود ہمارے خصوصی مہمان ہیں۔ ان مذاکرات کا پاکستان میں ہونا اس بات کی علامت ہے کہ دنیا ہمیں ایک پرامن اور اہم ملک تسلیم کرتی ہے۔
اجلاس میں وزیر مملکت طلال چودھری، سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ملکی وفود کی نقل و حرکت کے دوران شہریوں کو کم سے کم زحمت ہو، تاہم سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔