اسلام آباد :وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی شخصیات کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرتے ہوئے ریڈ زون اور اس کے توسیعی حصوں کو عام آمدورفت کے لیے مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے 11 اور 12پریل کو شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل پلان جاری کیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق، سکیورٹی اقدامات کے تحت شہر کی درج ذیل مرکزی شاہراہیں بند رہیں گی
ایکسپریس وے: زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک دونوں اطراف کی ٹریفک معطل رہے گی۔
سرینگر ہائی وے اور جناح ایونیو: کشمیر چوک، زیرو پوائنٹ اور بلیو ایریا کی جانب جانے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں۔مارگلہ روڈ اور فیصل چوک: ان مقامات پر بھی ٹریفک کی آمدورفت پر پابندی عائد ہے۔وفاقی دارالحکومت میں آج اور کل ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا۔ بیرونِ شہر سے آنے والے مسافروں کے لیے درج ذیل متبادل راستے تجویز کیے گئے ہیں
پشاور سے لاہور جانے والے: موٹروے ٹیکسلا، چکری اور چک بیلی روڈ کا راستہ استعمال کریں۔
راولپنڈی سے پشاور جانے والے: روات اور چکری کے راستے موٹروے تک رسائی حاصل کریں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے اپنے سفر کا آغاز متبادل ٹریفک پلان کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔ ریڈ زون کی طرف جانے والے تمام راستوں پر پولیس کے اضافی دستے تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ سکیورٹی اور نظم و ضبط کو برقرار رکھا جا سکے۔