اسلام آباد/کراچی : ملک کے دو بڑے شہروں، اسلام آباد اور کراچی میں سکیورٹی کی صورتحال انتہائی حساس ہو گئی ہے۔ انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے دونوں شہروں کے اہم ترین علاقوں اور ریڈ زونز کو کنٹینرز لگا کر مکمل طور پر سیل کر دیا ہے، جس کے باعث آمد و رفت کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی ہائی الرٹ کے باعث ریڈ زون کے اطراف کنٹینرز رکھ کر راستے مسدود کر دیے گئے ہیں۔ شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی کی اضافی نفری تعینات ہے، جہاں ہر گاڑی کی کڑی نگرانی اور سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔ ریڈ زون میں داخلے کے لیے شہریوں کو خصوصی جانچ پڑتال کے عمل سے گزرنا پڑ رہا ہے، جبکہ غیر ضروری نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد ہے۔
دوسری جانب، کراچی میں بھی آج سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔گورنر ہاؤس، وزیراعلیٰ ہاؤس اور مختلف ممالک کے قونصل خانوں کی طرف جانے والی تمام شاہراہیں کنٹینرز لگا کر بند کر دی گئی ہیں۔ اہم شاہراہوں کی بندش کے باعث ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کر دیا گیا ہے، جس سے شہر کے دیگر حصوں میں بدترین ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، اہم سرکاری عمارات اور بین الاقوامی تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل روٹس کا استعمال کریں تاکہ کسی بھی قسم کی زحمت سے بچا جا سکے۔