اسلام آباد: عوام کے لیے ریلیف کی خبر، ملک میں مہنگائی کے دباؤ میں کمی کا رجحان برقرار ہے۔ ادارہ شماریات کی جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں 1.92 فیصد کی مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد سالانہ بنیاد پر سینسیٹو پرائس انڈیکس (SPI) منفی 3.52 فیصد کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 18 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 22 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام جبکہ 11 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ نوٹ کیا گیا۔
زندہ مرغی کی قیمت میں 11.75 فیصد کمی،آٹے کی قیمت میں 5.68 فیصد کمی،لہسن، کیلے، پیاز اور چاول کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی،سرسوں کا تیل، ٹماٹر، بجلی اور ایل پی جی بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل
آلو کی قیمت میں 6.94 فیصد اضافہ
انڈے اور نمک کی قیمتوں میں بھی معمولی اضافہ
گُڑ، دہی، دالیں، چنے، سگریٹ اور کپڑے بھی مہنگی اشیاء میں شامل ہیں
وزیراعظم نے مہنگائی میں جاری کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2024 کے اسی عرصے میں سالانہ شرح 26.94 فیصد تھی، جبکہ اب یہ منفی 3.52 فیصد ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی اشاریوں میں بہتری حکومت کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے اور یہ کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ان مثبت تبدیلیوں کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچیں۔