لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیلاب سے متاثرہ طلباء کے لیے بڑا تعلیمی پیکیج منظور کر لیا ہے، جس کے تحت کئی اہم ریلیف دیے گئے ہیں تاکہ طلباء کی تعلیم متاثر نہ ہو اور والدین پر مالی بوجھ کم ہو سکے۔
تفصیلات کے مطابق، سیلاب زدہ علاقوں کے تمام طلباء کی ایک سمسٹر کی فیس معاف کر دی گئی ہے، جبکہ بی ایس فرسٹ ایئر کے طلباء کی داخلہ فیس بھی نہیں لی جائے گی۔
یہ ریلیف مظفرگڑھ، ملتان، لودھراں، وہاڑی، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، چنیوٹ اور قصور کے طلباء کو دیا جا رہا ہے۔ ان اضلاع میں واقع تمام یونیورسٹیوں میں رجسٹریشن کی تاریخ میں 20 دن کا اضافہ بھی کر دیا گیا ہے تاکہ طلباء کو داخلے کے لیے مزید وقت مل سکے۔
اسی کے ساتھ ساتھ "ہونہار اسکالرشپ" کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ میں بھی ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق طلباء فائدہ اٹھا سکیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ "سیلاب کے باوجود بچوں کی تعلیم نہیں رکنے دوں گی۔ حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ متاثرین کی مدد کی جائے اور ان کے نقصانات کا جلد ازالہ ہو۔